جاپان کے کوزو تاشیما نے فیفا صدارت کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

جاپان فٹ بال ایسوسی ایشن کے اعزازی صدر کوزو تاشیما نے پانچ قومی فٹ بال فیڈریشنز کی حمایت حاصل کرنے کے بعد فیفا کی صدارت کے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے اپنی نامزدگی جمع کرا دی ہے۔
رائٹرز کے مطابق جاپان فٹ بال ایسوسی ایشن نے بدھ کو جاری بیان میں تصدیق کی کہ 17 نومبر کو کوزو تاشیما کو فیفا صدارتی انتخاب کے لیے امیدوار نامزد کرنے کا خط عالمی فٹ بال تنظیم کو ارسال کیا گیا۔فیفا کے صدارتی انتخاب کے لیے نامزدگیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ بدھ کو عالمی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 59 منٹ مقرر ہے، جبکہ انتخاب کا انعقاد 18 مارچ 2027 کو مراکش کے شہر رباط میں فیفا کی 77ویں کانگریس کے دوران ہوگا۔
کوزو تاشیما جاپان کی قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی اور نوجوان کھلاڑیوں کے سابق کوچ ہیں۔ وہ 2015 سے فیفا کونسل کے رکن ہیں اور فیفا کی صدارت کے لیے امیدوار بننے والے پہلے جاپانی شہری ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس عزم کے ساتھ انتخابی مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں کہ فیفا کو مزید شفاف، صحت مند اور قابل اعتماد ادارہ بنایا جائے اور دنیا بھر میں فٹ بال کے فروغ میں کردار ادا کیا جائے۔موجودہ فیفا صدر جیانی انفانٹینو چوتھی مدت کے لیے دوبارہ انتخاب لڑ رہے ہیں۔ دیگر امیدواروں میں سوئٹزرلینڈ کے سابق کپتان رامون ویگا اور فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن کے صدر فلپ ڈیالو بھی شامل ہیں۔



