کاروباری برادری پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، فہیم الرحمن سہگل

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمان سہگل نے پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی اور آپریشن غضب للحق کے آغاز کے بعد پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔جمعہ کو جاری اپنے ایک مشترکہ بیان میں صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمان سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی نے کہا کہ کاروباری برادری ملک کی خود مختاری، سلامتی اور سرحدوں کے دفاع کے لیے پاکستان آرمی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کی پالیسی اپنائی ہے،لیکن وطن عزیز کے خلاف کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت کارروائی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ایک محفوظ اور مستحکم پاکستان ہی معاشی اعتماد، تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل اور طویل مدتی سرمایہ کاری کی ضمانت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی دفاع اور معاشی مضبوطی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور کاروباری برادری ملکی سرحدوں کے تحفظ اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے اٹھائے گئے ہر قدم کی مکمل حمایت کرتی ہے۔سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ نے کہا کہ اس نازک وقت میں پوری قوم متحد ہے۔سیاسی قیادت،مسلح افواج اور کاروباری برادری قومی سلامتی کے معاملے پر ایک صفحے پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے اراکین معیشت کی مضبوطی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔نائب صدر خرم لودھی نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتا ہے،تاہم خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور پاکستان کے حقِ دفاع کا احترام کرے۔



