کرکٹ مجموعی کارکردگی کا نام ہے، ہر میچ ون مین شو نہیں ہوسکتا، فاسٹ بولر محمد علی

حیدرآباد کنگزمین کے فاسٹ بولر محمد علی نے کہا کہ کرکٹ مجموعی کارکردگی کا نام ہے، ہر میچ ون مین شو نہیں ہوسکتا۔
ملتان سلطانز کو شکست دینے کے بعد حیدرآباد کنگز مین کے فاسٹ بولر محمد علی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شروع میں ہمارا کامبی نیشن نہیں بن رہا تھا اس لیے مشکلات ہوئی تھی، کراچی آنے کے بعد ٹیم کا مومینٹم اچھا بن گیا ، اب ہمارے پلے آف میں جگہ بنانے کے اب کافی اچھے چانس ہوگئے ہیں۔
محمد علی نے کہا ابتدائی شکستوں کے باوجود بھی ٹیم کا ماحول مثبت تھا ، ہماری ٹیم میں جارح مزاج بیٹرز ہیں، اس لیے مارنوسں اینکر کرنے والا رول ادا کر رہے ہیں، جس طرح عثمان نے کھیلا اس کے بعد ہم میچ جیتنے کی پوزیشن میں آگئے تھے۔
صائم ایوب سے متعلق بات کرتے ہوئے محمد علی نے کہا کہ صائم کو صرف ایک اچھی اننگز کی ضرورت ہے۔
محمد علی نے بتایا کہ آج کے وکٹ پر 110 سے 115 کی رفتار والی گیندیں زیادہ مؤثر تھی، ہم نے دونوں اننگز میں آخری چار اوورز کو ٹھیک سے استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کوچز نے ہر حال میں پلیئرز کو بیک کیا جس نے ہمارے کم بیک میں کردار ادا کیا، ہر ٹیم میچ جیتنے کا گیم پلان لے کر ہی میدان میں اترتی ہے، ملتان آج اچھا کھیل کر بھی ہاری، دونوں ٹیمیں اپنے گیم پلان کے ساتھ آئی تھیں۔
محمد علی نے مزید کہا کہ گلین میکسویل کوشش کررہے ہیں کہ ہر کھلاڑی کی بھرپور رہنمائی کریں، میکسویل جیسے پلیئر کی موجودگی ہمارے ڈریسنگ روم کیلئے مفید ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران محمد علی نے کہا کہ وہ کسی بیٹر کو نام دیکھ کر بولنگ نہیں کراتے ، ان کیلئے ہر بیٹر اہم ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دی، عثمان خان کو سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔



