کھیلوں کی دنیا

ویمنز کرکٹ میں نئی تاریخ رقم، بھارتی کرکٹر سمریتی مندھانا نے سب سے زیادہ سنچریوں اور رنز کا ریکارڈ توڑ دیا

انڈین ویمن کرکٹر سمریتی مندھانا نے ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی، وہ سب سے زیادہ سنچریاں اور رنز بنانے والی بیٹر بن گئی ہیں۔

بھارتی اوپنر سمریتی مندھانا نے جمعرات کو ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

سمریتی مندھانا نے یہ سنگِ میل اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں ہانگ کانگ کے خلاف دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کے دوران عبور کیا۔

30 سالہ بھارتی اوپنر میچ سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ میں 10،756 رنز بنا چکی تھیں، تاہم انہوں نے شاندار سنچری اسکور کرکے سابق بھارتی کپتان متھالی راج کا ریکارڈ توڑ دیا۔

سمریتی مندھانا نے صرف 64 گیندوں پر 124 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ اس اننگز کے ساتھ ہی انہوں نے ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا۔

متھالی راج نے اپنے شاندار انٹرنیشنل کیریئر کے دوران 12 ٹیسٹ، 232 ون ڈے اور 89 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے اور مجموعی طور پر 10,868 رنز بنائے۔ اب وہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئی ہیں۔

ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں سمریتی مندھانا 10,880 رنزکے ساتھ سر فہرست ہیں۔

سمریتی مندھانا نے اسی اننگز کے دوران ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

ہانگ کانگ کے خلاف 124 رنز کی اننگز سمریتی مندھانا کی انٹرنیشنل کرکٹ میں 18ویں سنچری تھی، جس کے ساتھ انہوں نے آسٹریلیا کی سابق کپتان میگ لیننگ اور جنوبی افریقا کی موجودہ کپتان لورا وولوارٹ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں میں سمریتی مندھانا 18 سنچریوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔میگ لیننگ اور لورا وولوارٹ نے 17 سنچریاں انٹرنیشنل سنچریاں اسکور کیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button