ہولناک حادثے کے بعد ٹام پڈکاک کی شاندار واپسی، ٹور آف دی ایلپس کا تیسرا مرحلہ جیت لیا

انگلینڈ کے سائیکلسٹ ٹام پڈکاک نے سپین میں پیش آنے والے سنگین حادثے کے چند ہفتوں بعد ٹور آف دی ایلپس کے تیسرے مرحلے میں شاندار کامیابی حاصل کر لی۔بی بی سی کے مطابق شمالی اٹلی کے گرم موسم میں منعقدہ اس ریس میں پیناریلو کیو 36.5 کی نمائندگی کرنے والے 26 سالہ برطانوی سائیکلسٹ ٹام پڈکاک نے فنشنگ لائن پر برتری برقرار رکھی اور سخت مقابلے کے بعد یوکیو کے ٹومازو ڈاتی اور انیوس گریناڈیئرز کے ایگن برنال کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔26 سالہ ٹام پڈکاک نے یہ کامیابی تقریباً 3 ہفتے قبل پیش آنے والے تیز رفتار حادثے کے بعد حاصل کی، جو مارچ میں وولٹا اے کیٹالونی کے دوران ایک خطرناک موڑ کا اندازہ غلط لگانے کے باعث پیش آیا تھا۔
فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ٹام پڈکاک نے کہا کہ انجری اور وقفے کے بعد واپسی ذہنی طور پر نہایت مشکل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں پیچھے رہ جانے کا تجربہ بھی ان کے لیے سخت تھا، تاہم وہ اپنی اس کامیابی پر بے حد خوش ہیں۔ٹام پڈکاک سائیکلنگ میں تیز رفتار نشیبی راستوں پر مہارت کے باعث مشہور ہیں۔ انہوں نے 2022میں ٹور ڈی فرانس کے ایک مرحلے میں نمایاں کارکردگی دکھائی تھی، جہاں انہوں نے سو کلومیٹر فی گھنٹہ تک رفتار حاصل کی تھی۔انہوں نے مارچ کے حادثے کو نہایت خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ خوش قسمت تھے کہ ریڈیو پر بات کرنے کے قابل رہے۔ٹام پڈکاک اس وقت ٹور آف دی ایلپس میں شرکت کر رہے ہیں تاکہ آنے والی اہم ریس لیج باسٹون لیج کی تیاری کر سکیں، جس کے بعد وہ ٹور ڈی فرانس میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔



