تیل وگیس پیدااورتلاش کرنے والی کمپنیوں کے منافع میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیادوں پرکمی ریکارڈ

تیل وگیس پیدا اور تلاش کرنے والی کمپنیوں کے منافع میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیادوں پرکمی ریکارڈکی گئی ہے۔او جی ڈی سی ایل،پی پی ایل،ماڑی گیس اور پی او ایل کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ مالیاتی بیانات و اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رجسٹر ڈ تیل و گیس پیدا اور تلاش کرنے والی چاربڑی کمپنیوں کو 153.56ارب روپے کا خالص منافع ہواجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 12فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان کمپنیوں کو174.50ارب روپے کاخالص منافع حاصل ہواتھا۔پہلی ششماہی میں او جی ڈی سی ایل کو 73.019ارب روپے، پی پی ایل 40.38ارب روپے، پی اوایل 11.71ارب روپے اورماڑی گیس کو28.44ارب روپے کاخالص منافع ہوا۔ان کمپنیوں نے ٹیکسوں کی مدمیں بالترتیب 37.84ارب روپے،22.65ارب روپے،4.92ارب روپے اور14.25ارب روپے کی ادائیگیاں کی ہیں۔اس مدت میں اوجی ڈی سی ایل کی فی حصص آمدنی 16.98روپے، پی پی ایل 14.84روپے، پی او ایل41.29روپے اور ماڑی گیس کمپنی کی فی حصص آمدنی 23.69روپے ریکارڈکی گئی۔



