گاڑیوں کی فروخت میں 7ماہ کے دوران 43.36فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، پاما

گاڑیوں کی فروخت میں جاری مالی سال کے ابتدائی 7ماہ کے دوران مجموعی طور پر 43.36فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے ،رواں مالی سال میں جولائی 2025 تا فروری 2026کے دوران گاڑیوں کی مجموعی فروخت ایک لاکھ 11ہزار 377یونٹس تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی 2024 تا فروری 2025 کے عرصہ میں فروخت کاحجم 77ہزار 686یونٹس رہا تھا ۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے سات مہینوں کے دوران گاڑیوں کی مجموعی فروخت میں 33ہزار 691یونٹس یعنی 43 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
پاکستان آٹو موٹیو مینو فیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعداد و شمار کے مطابق کاروں ، پک اپس ، وینز اورسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکلز (ایس یو وی) کی فروخت میں جنوری 2026 کے دوران گزشتہ 43ماہ کے مقابلہ میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے اور فروخت کا حجم 23 ہزار 55یونٹس تک بڑھ گیا اور گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 36فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 74فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق جنوری 2026 میں ساز گار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ (ایس ای ڈبلیو ایل ) کی سیلز 2004یونٹس رہی اور کمپنی کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 72 فیصد اضافہ ہوا جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 7ماہ کے دوران ایس ای ڈبلیو ایل کی فروخت 49فیصد اضافےسے 9214یونٹس تک پہنچ گئی ۔
رپورٹ کے مطابق انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی )اور ہنڈا اٹلس کارز لمیٹڈ (ایچ اےسی ایل ) کی فروخت میں جنوری 2026کے دوران گزشتہ 43 ماہ کے مقابلہ میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق اس دوران ایچ اے سی ایل کی فروخت ماہانہ بنیاد پر 86فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 64فیصد کے اضافہ سے 3620یونٹس تک بڑھ گئی ۔ہنڈا سٹی اورسوک ماڈلز کی فروخت سالانہ بنیاد پر 69فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 93فیصد کے اضافہ سے 3364یونٹس تک پہنچ گئی ۔مزید برآں بی آر وی اور ایچ آر وی ماڈلز کی فروخت میں بھی سالانہ 14فیصد جبکہ ماہانہ 25فیصد اضافہ ہوا ہے ۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال کے دوران ایچ اے سی ایل کی مجموعی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 7ماہ کے مقابلہ میں 68فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا اور کمپنی کی فروخت کا حجم 15ہزار 659یونٹس ریکارڈ کی گئی ۔ پاما کے اعداد و شمار کے مطابق انڈس موٹر کمپنی کی فروخت میں جنوری 2026کے دوران ماہانہ بنیاد پر 119فیصد جبکہ سالانہ 52فیصد کا اضافہ ہوا اور کمپنی کی فروخت 5060یونٹس تک بڑھ گئی ، تفصیلات کے مطابق کمپنی کے ماڈلز یارس اور کراس کی مجموعی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 90فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 93فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
دوسری جانب فارچونرکی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 17فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تاہم دسمبر 2025کی 196یونٹس فروخت کے مقابلہ میں جنوری 2026کے دوران فارچونر گاڑیوں کی فروخت کا حجم 982یونٹس تک بڑھ گیا۔واضح رہے کہ جاری مالی سال کے ابتدائی 7ماہ کے دوران انڈس موٹر کمپنی کی مجموعی فروخت 61فیصد کی بڑھوتری سے 25ہزار 623یونٹس تک پہنچ گئی ۔ رپورٹ کے مطابق ٹو اور تھری وہیلرز کی فروخت میں بھی ماہانہ بنیاد پر 13فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 31فیصد کا اضافہ ہوا اور جنوری 2026کے دوران فروخت کا حجم ایک لاکھ 81ہزار 790یونٹس تک پہنچ گیا جبکہ رواں مالی سا ل کے ابتدائی 7 مہینوں میں فروخت میں 32فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ٹو اور تھری وہیلرز کی 11 لاکھ یونٹس سے تجاوز کر گئی ۔
پاما کے مطابق ٹریکٹروں کی فروخت میں ماہانہ بنیاد پر 26فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 9فیصد کی کمی ہوئی اور فروخت کا حجم 2505یونٹس رہا ۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2026کے دوران ٹرکوں اور بسوں کی فروخت کا حجم 1101یونٹس تک بڑھ گیا اور فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 77فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔



