شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے شام کے لئے ایئر ریلیف برج کا آغاز کر دیا
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے شام کے لئے ایئر ریلیف برج کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت دو طیاروں کو 53 ٹن امدادی سامان اور ادویات کے ساتھ سب سے زیادہ ضرورت والے علاقوں میں پہنچایا جائے گا۔
العربیہ اردو کے مطابق سعودی عرب نے باور کرایا ہے کہ اس ایئر ریلیف برج کا مقصد شام میں استحکام کی صورت حال کو بہتر بنانا اور ہر اس چیز کو پیش کرنا ہے جس سے شامیوں کی مشکلات میں کمی آ سکے۔سعودی عرب کے اعداد و شمار کے مطابق تاریخی طور پر مملکت کی جانب سے شام کو دی جانے والی مجموعی امداد کی مالیت 7،380،560،787 ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
ریاض حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزتہ 14 سال دوران شام میں خانہ جنگی کے نتیجے میں لاکھوں افراد موت کا شکار ہوئے اور لاکھوں افراد بے گھر ہو کر پناہ گزین اور مہاجرین بن گئے۔ سعودی وزارت خارجہ کے اعلان کے مطابق وہ برادر ملک شام میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لے رہی ہے۔
سعودی عرب نے شامی عوام کے تحفظ اور خون ریزی بند کرنے کے لیے کیے جانے والے مثبت اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔