مضبوط معیشت ہی مضبوط پاکستان بنا سکتی ہے جس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،سینیٹر طلال چوہدری
مسلم لیگ(ن) کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، مضبوط معیشت ہی مضبوط پاکستان بنا سکتی ہے جس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ منگل کو اڑان پاکستان ہوم گرون نیشنل اکنامک پلان29-2024 پروگرام کے آغاز کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ملکی پائیدار ترقی کےلئے 5 سالہ منصوبہ پیش کر دیا ہے ۔
مسلم لیگ (ن) سمجھتی ہے کہ مضبوط پاکستان مضبوط معیشت سے ہی بن سکتا ہے اور مضبوط معیشت عوام کے گھروں کی خوشحالی سے جڑی ہے۔ جب ہر ایک کا چولہا جلےگا اور ہر گھر میں خوشحالی ہو گی تو معیشت مضبوط ہو گی۔ اس کے لئے ہمیں سیاسی استحکام اور دہشت گردی کا خاتمہ چاہیے۔ ہم سب کو اس کے لئے مل کر کام کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2013میں بھی ملک کو اسی طرح کے مسائل درپیش تھے۔
ڈیفالٹ اور مہنگائی کی باتیں ہوتی تھیں ۔ روپیہ کمزور تھا مگر 4 سے 5 سالوں میں میاں محمد نوازشریف نے ملک کی معیشت کو سنبھالا دیا۔ مہنگائی کم ترین سطح پر آئی ، سٹاک ایکسچینج مضبوط ہوا ۔ روپے کی قدر مستحکم ہوئی۔ شرح سود کم ترین سطح پر آ گئی مگراس کے بعد سیاسی عدم استحکام کے نتیجے میں ملک میں دہشت گردی لوٹ کر آئی ، ہم آپس میں تقسیم ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کچھ مسائل پر تو قابو پالیا ہے ، اب ڈیفالٹ کی بات نہیں ہوتی۔
سٹاک ایکسچینج مضبوط ہوا ہے مگر اب بھی ملک میں بہت سارے مسائل ہیں ۔پائیدار ترقی کے لئے ہم سب کو مل کر سیاسی استحکام لانا ہوگا اور ملک کی معشت کی ایسی بنیاد رکھنا ہوگی جس سے آنے والی کئی دہائیوں تک پائیدار ترقی حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت ہی مضبوط پاکستان بنا سکتی ہے۔ یہ کام ہم سب مل کر سکتے ہیں۔ آئیں وزیراعظم محمد شبہازشریف کا ساتھ دیں ، اس پاکستا ن کے لئے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔ جس میں ہر ایک کے لئے روزگار اور خوشحالی ہو۔