ٹاپ نیوز

موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے،وزیر اعظم شہباز شریف کی جائزہ اجلاس میں ہدایت

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےگھریلو صارفین کو گیس سپلائی میں کمی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے،سسٹم کی ساخت میں اصلاحات لائی جائیں تاکہ اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کیا جاسکے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعہ کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں ملک میں گیس کی سپلائی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیر اعظم نےگھریلو صارفین کو گیس سپلائی میں کمی کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعظم نے سسٹم کی ساخت میں اصلاحات لانے کی ہدایت کی تاکہ اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کیا جاسکے،گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم کو اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ سسٹم میں سرپلس آر ایل این جی موجود ہےجس کی وجہ سے گیس لوڈ مینجمنٹ میں پچھلے سال کی نسبت بہتری آئی ہے،پچھلے سال کی نسبت اس سال گیس لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گھریلو صارفین کو صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک گیس فراہم کی جارہی ہے،پاور سیکٹر کو بھی گیس ڈیمانڈ کے مطابق دی جا رہی ہے،صارفین کی شکایات کے حوالے سے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی کے آن لائن ڈیش بورڈز کام کر رہے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایس این جی پی ایل کی شکایات کو حل کرنے کی شرح 93 فیصد جبکہ ایس ایس جی سی کی شرح 79 فیصد ہے،ملک کی تمام گیس فیلڈز فعال ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button