قومی

اے این ایف کی منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں ، 7 کروڑ 49 لاکھ سے زائد مالیت کی 100 کلوگرام منشیات برآمد، 2 خواتین سمیت 7 ملزمان گرفتار

انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کا تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف تازہ ترین پانچ مختلف کارروائیوں میں 7 کروڑ 49 لاکھ سے زائد مالیت کی 100 کلوگرام منشیات برآمد، 2 خواتین سمیت 7 ملزمان گرفتار کرلیا ۔ اے این ایف کے ترجمان کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پانچ تازہ ترین کارروائیوں میں 7 کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 100 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی ہے۔

تعلیمی اداروں میں منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے تحت جھنگ روڈ، فیصل آباد پر واقع یونیورسٹی کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 650 عدد ایکسٹیسی گولیاں برآمد کر لیں، گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے- دیگر کارروائیوں کے دوران اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ روانہ ہونے والی 2 خواتین سمیت 3 ملزمان گرفتار کرلیا گیا جن کے پیٹ سے مجموعی طور پر 140 عدد ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کر لئے گئے ،

سری نگر ہائی وے اسلام آباد پر گاڑی سے 13.2 کلو گرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔اسی طرح سیکٹر جی 15 اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 33.6 کلوگرام افیون اور 14.4 کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔ایک کارروائی میں مستونگ کے غیر آباد علاقے دشت میں اسمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 37 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی ۔ ترجمان نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button