قومی

سکھ برادری کی سہولت کیلئے ویزے کو آن لائن کر دیا ہے ،وفاقی وزیرداخلہ

پاکستان نےسکھ برادری کی سہولت کیلئے ویزے کو آن لائن کر دیا ہے،امریکی، کینڈین اور یوکے پاسپورٹ رکھنے والی سکھ کمیونٹی کے افراد آن لائن فارم جمع کرو ا سکیں گے اور 30 منٹ میں ویزا حاصل سکیں گے۔ یہ بات جمعرات کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکا سے آئے سکھ یاتریوں کے 44 رکنی وفد کی ملاقات کے دوران گفتگو میں کہی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امریکا سے آئے سکھ یاتریوں کی سٹیٹ گیسٹ ہاوس میں میزبانی کی ۔

وفد کی قیادت ڈاکٹر دلویرسنگھ پنوں، سرجیت سنگھ ہوتھی،رنجیت سنگھ کاہلوں اور لکشمن سنگھ کر رہے تھے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاکستان آمد پر سکھ یاتریوں کو جی آیاں نوں کہا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان آنے کے لئے سکھ برادری کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ کچھ عرصہ وزیر اعلی پنجاب رہا تو سکھ برادری کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی۔ اسی لئے پاکستان نے سکھ برادری کی سہولت کیلئے ویزے کو آن لائن کر دیا ہے۔یہ سہولت امریکا ، کینڈا اور برطانیہ میں مقیم بھارتی نژادسکھ برادری کے لئے بھی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ سکھ برادری کے لیے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔

آپ سال میں 10 بار پاکستان آئیں۔ ہر بار آپ کو خوش آمدید کہیں گے۔ آن لائن ویزا کے لئے صرف فارم پر کرنا ہے جس کے بعد 30 منٹ میں ویزا جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مسلمانوں کے لیے سعودی عرب ہے اسی طرح سکھ کمیونٹی کے لئے پاکستان ہے۔ پاکستان میں سکھ برادری کے دیگر مقامات کو بھی اوپن کر دیں گے۔ وزٹ کے لئے اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

حسن ابدال، کرتار پور، ننکانہ صاحب اور لاہور کے ساتھ آپ اپنے دیگر مذہبی مقامات پر بھی جاسکیں گے۔اس ضمن میں جو مسائل ہیں انہیں حل کریں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اس وقت سال میں 50 ہزار سے ایک لاکھ سکھ یاتری آتے ہیں ،ہماری خواہش ہے کہ یہ تعداد 10 لاکھ ہو اور نوجوان بھی آئیں۔ پاکستان نے 124 ملکوں کے لئے ویزا فری کیا ہے۔ انہوں نے سکھ برادری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کرکٹ میچز دیکھنے پاکستان آئیں، چیمپئنز ٹرافی کے لئے آئیں، پاک بھارت میچ دیکھنے آئیں، اس لئے خصوصی کوٹہ رکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے بھی بہت سے لوگوں نے میچز دیکھنے آنا ہے اس کے لئے خصوصی انتظامات کر رہے ہیں۔ امریکا سے آئے سکھ یاتریوں کے وفد نے مہمان نوازی پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فری آن لائن ویزا ہونے سے بہت سہولت ملی ہے۔ پاکستان نے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ہم پاکستان میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس موقع پر معروف صنعتکار کاشف اشفاق اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button