سعودی عرب سے برادرانہ تعلقات کے ساتھ معاشی تعلق بھی بن رہا ہے،پاکستانی سفیر
سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اب معاشی تعلق میں تبدیل ہو رہے ہیں جس سے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ انہوں نے گزشتہ روز انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی ثقافت کو ایک سطح پر فروغ دیا جا رہا ہے۔ پاکستان کوشش کر رہا ہے کہ سعودی عرب میں فوڈ سکیورٹی کی برآمدات کو بڑھایا جائے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور سعودی عرب ان کوششوں میں ایک اہم حصے دار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ایک محفوظ ملک ہے یہاں فی الحال پاکستانیوں پر ویزا کی پابندیاں نہیں ہیں، حال ہی میں 4 ہزار نئے کارکنان بھی آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت ورکرز کی سعودی عرب میں بہت مانگ ہے۔ اس کے لیے ہمیں چاہیے کہ ہم ورکرز کو ہنرمند بنائیں تاکہ ان کے لیے بہتر مواقع حاصل ہو سکیں اور صرف مزدور نہیں بلکہ اعلی تعلیم یافتہ لوگ بھی بھیجنے چاہییں۔
سعودی عرب میں ریاض سیزن کے زیر اہتمام 30 اکتوبر سے ریاض کے سویدی پارک میں پاکستانی ویک کا آغاز ہو گیا ہے جہاں پاکستانی ثقافت پر مبنی پروگرامز پیش کیے جائیں گے۔ ایونٹ میں پاکستانی گلوکار، کرکٹرز سمیت اہم شخصیات شریک ہوں گی۔ سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر نے بتایا کہ سویدی پارک ریاض میں منعقدہ تمام ایونٹس فری ہوں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی ایک دوسرے کے ثقافتی رنگوں سے لطف اندوز ہوسکیں۔ اس ثقافتی پروگرام سے ثقافتی ہم آہنگی پیدا ہو گی جس میں پاکستانی کھانوں سے لے کر پاکستانی میوزک کا اہتمام کیا گیا ہے۔