سپیکر قومی اسمبلی کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہو ئے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کو یکساں حقوق و تحفظ حاصل ہیں، ایک دوسرے کی خوشیوں اور غم میں شرکت بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے ضروری ہے ۔جمعرات کو اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے دیوالی کے تہوار پر ہندو برادری کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور کہا کہ دیوالی روشنیوں کا تہوار ہے، دیوالی کا یہ تہوار سب کے لیے روشنیوں امن اور خوشی کا پیغام ہے۔ ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے اقلیتی برادری کا کردار قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے ۔ پارلیمان نے ہمیشہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ پاکستان میں ہر شہری کو بلا امتیاز رنگ و نسل اپنے مذہبی عقائد اور رسومات کے مطابق زندگی بسر کر نے کی مکمل آذادی حاصل ہے ۔سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہو گا۔