’’پاکستان ویمن انٹر پرینیور شپ ڈے 2024‘‘،تین بہترین بینکوں اور ویمن انٹر پرینیور کو اعزازات دیئے جائیں گے
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیرِ اہتمام ’’پاکستان ویمن انٹر پرینیور شپ ڈے 2024‘‘19 نومبر کو منایا جائے گا ،اس روز علاقائی سطح کے تین بہترین بینکوں اور ویمن انٹر پرینیور کو اعزازات دیئے جائیں گے ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ تقریب 144 سے زائد ممالک میں تسلیم کئے جانے والے عالمی ویمن انٹرپرینیورشپ ڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد کاروبار میں خواتین کی موجودگی کو مستحکم کرنا اور ان کی زیادہ سے زیادہ مالی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ سٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ یکم جولائی 2024ء سے لے کر 10 نومبر 2024ء تک کاروباری خواتین کو زیادہ سے زیادہ قرضے فراہم کریں۔ ملک بھر میں سب سے زیادہ قرضے فراہم کرنے والے تین بہترین بینکوں کو کراچی میں منعقدہ مرکزی تقریب کے دوران اعزاز دیا جائے گا جبکہ بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر میں منعقدہ تقریبات میں علاقائی سطح کے تین بہترین بینکوں کو اعزازات دیئے جائیں گے۔
اس مقابلے میں نوآموز کاروباری خواتین کو اپنے جدید اور تخلیقی خیالات پیش کرنے کی دعوت دی جائے گی ۔ سٹیٹ بینک کے سوشل میڈیا چینلز اور ویب سائٹ پر دستیاب ایک خصوصی فارم کے ذریعے متعلقہ خیالات جمع کرائے جائیں گے۔ خیالات (آئیڈیاز) جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 نومبر 2024ء ہے۔ مرکزی تقریب میں پہلی 3 فاتحین (3 ٹاپ ونرز) کا اعلان کیا جائے گا اور انہیں سٹیج پر بلا کر اپنے خیالات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔خواہشمند خواتین اس لنک https://www.sbp.org.pk/events/2024/PWE-Competition/SBP-Business-Idea-Competition-Guidelines.pdf پر دیئے گئے فارم کے ذریعے اپنے کاروباری آئیڈیاز ارسال کرسکتی ہیں۔ سٹیٹ بینک کے سوشل میڈیا چینلز یعنی فیس بُک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے ذریعے بھی مقابلے کی تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ ایس بی پی ٹیم سے مزید رہنمائی کے لئے اس لنک [email protected] پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔