جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیدی، کیل ویرینے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے، مہمان ٹیم نے 106 رنز کا آسان ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کیل ویرینے کو شاندار کاکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعرات کے روز شیر بنگلہ سٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 283 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسے 81 رنز کی برتری حاصل تھی، مہدی حسن میراز 87 اور نعیم حسن 16 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔
تاہم چوتھے روز کھیل کے آغاز میں ہی صرف ایک رن کے اضافے کے بعد بنگلہ دیش کی آٹھویں وکٹ گر گئی جب نعیم حسن 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ میزبان ٹیم کی نویں وکٹ تیجل الاسلام کی گری جب وہ 303 کے مجموعی سکور پر 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی مہدی حسن میراز نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے ۔ انہوں نے 97 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس طرح بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح کے لئے 106 رنز کا ہدف دیا۔ جنوبی افریقہ کے فاسٹ بائولر کگیسو ربادا نے 46 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، کیشو مہراج نے 3 اور ویان ملڈر نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
جنوبی افریقہ نے 106 رنز کا آسان ہدف 22 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، اوپنر ٹونی ڈی زورزی نے 41، کپتان ایڈن مارکرم نے 20، ٹرسٹان سٹبز نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیشی بائولر تیجل الاسلام نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس فتح کے بعد جنوبی افریقہ نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔