راولپنڈی ٹیسٹ، انگلینڈ کرکٹ ٹیم 267 پر ڈھیر، پاکستان کے 3 وکٹوں پر 73 رنز
پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ کے پہلے روز انگلش کرکٹ ٹیم پہلی اننگز میں 267 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان نے 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 73 رنز بنا لئے، قومی سپنرز کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے مہمان ٹیم کے بیٹرز ایک بار پھر بے بس نظر آئے ۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
انگلش کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز بین ڈکٹ اور زیک کرالی نے کیا اور دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 56 رنز کا آغاز فراہم کیاتاہم زیک کرالی 29 رنز بنا کر نعمان علی گیند پر صائم ایوب کو کیچ دے بیٹھے، مڈل آرڈر بیٹر اولی پوپ محض 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد انگلش ٹیم کے تجربہ کار بیٹر جو روٹ کریز پر آئے مگر کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 5 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین چلتے بنے۔انگلینڈ کو چوتھا نقصان بین ڈکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، بائیں ہاتھ کے بلے باز 52 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے جبکہ جارح مزاج بیٹر ہیری بروک بھی ساجد خان کے سامنے بے بس نظر آئے اور محض 5 رنز بنا کر آف سپنر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔کپتان بین سٹوکس 12، ریحان احمد 6 اور جیک لیچ 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔انگلش ٹیم کیلئے 7 ویں وکٹ کی شراکت میں گّس ایٹکنسن اور جیمی سمتھ نے 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم ایٹکنسن 39 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے، بعدازاں 91 رنز بنا کر جیمی سمتھ بھی پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 6، نعمان علی نے 3 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا مگر یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور 35 کے مجموعی سکور پر عبداللہ شفیق 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 43 کے مجموعی سکور پر گری جب صائم ایوب 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ 46 رنز کی مجموعی سکور پر کامران غلام بھی 3 رنز بناکر چلتے بنے۔قبل ازیں انگلش ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے ٹاس کے موقع پر کہا کہ کوشش کریں گے کہ گرین شرٹس کے خلاف پہلی اننگز میں بڑا سکور کھڑا کریں اور حریف ٹیم کو پریشر میں لے کر آئیں۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹاس ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتا، ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دیتے تاہم کوشش ہوگی ابتدا میں سپنرز کے ذریعے اٹیک کر کے انگلش بیٹرز کی جلد وکٹیں حاصل کریں۔