قومی

شرح پیدائش اور ہجرت کے باعث سندھ کی آبادی میں اضافہ ہوتاجارہاہے: مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 2023 کی ڈیجیٹل مردم شماری میں آبادی کاخطرناک حد تک اضافہ دکھایا گیا ہے۔ پیدائش اورہجرت کی وجہ سے سندھ کی آبادی مسلسل بڑھ رہی ہے اور وسائل محدود ہوتے جارہے ہیں۔

پاپولیشن ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملک کی آبادی میں تیزی سے ہوتا ہوا اضافہ تشویشناک ہے اس لیے آبادی کے حوالے سے ٹاسک فورس کا یہ اجلاس انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے کی شرح 2.55 فیصد ہے جس کے مطابق ملک کی مجموعی آبادی 24 کروڑ 10 ہے جبکہ سندھ کی آبادی ساڑھے 5 کروڑ سے زائد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شرح پیدائش میں اضافے، دیگر صوبوں اور ممالک سے آنے والوں کی وجہ سے سندھ کو آبادی کے مسئلے کا سامنا ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آبادی میں تیزی سے ہونے والے اضافے کے باعث روزگار کے مواقع، صحت و تعلیمی سہولیات سمیت خوراک اور رہائش جیسے مسائل چیلنج بنتے جارہے ہیں۔

پاپولیشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبادی اور وسائل کے درمیان توازن پیدا کرنا ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے اور سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کا فیصلہ اس معاملے میں رہنمائی کے طورپر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پالیسیوں کی کامیابی کو دیکھ کر گائیڈ لائنز اور حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر شرجیل میمن، ڈاکٹر عذرا پیچوہو، ناصر شاہ اور سردار شاہ سمیت دیگر بھی شریک تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button