غزہ تنازع ختم ہونے تک فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے، ترک صدر
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ غزہ تنازع ختم ہونے تک فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس کے بعد کہا کہ ہم اپنے فلسطینیوں بھائیوں اور بہنوں کی پوری طاقت اور وسائل کے ساتھ حمایت کریں گے جب تک نسل کشی ختم نہیں ہو جاتی اور غزہ اور فلسطین کو مکمل طور پر آزاد نہیں کر دیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ تمام بین الاقوامی پلیٹ فارمزپر فلسطین کی حمایت کر رہا ہے۔ ترک صدر نے کہا کہ ہم اس مشکل وقت میں مظلوم فلسطینی عوام کے لیے اپنے برادرانہ فرض کو پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور ان کے قاتلوں کے نیٹ ورک کے گرد دائرہ سخت ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں جو ایک بہت ہی جرات مندانہ اقدام ہے۔