عالمی
جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے کا منہ توڑ جواب دے دیں گے ، ایران
ایران نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنی جوہری تنصیبات پر کسی بھی اسرائیلی حملے کا منہ توڑ جواب دے گا۔تسنیم کے مطابق یہ بات ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اگر ایران پر حملہ کیا تو جوابی کارروائی کے لیے ہم نے بھی دشمن کے مقامات کی نشاندہی کررکھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران پر کسی بھی حملے کا مطلب سرخ لکیر کو عبور کرنا ہے،حملہ ہوا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے بلکہ اسرائیل کو تباہ کن جواب دیں گے۔ وزیرخارجہ نے زور دیا کہ ان کے ملک نے اسرائیل میں اقتصادی یا شہری تنصیبات پر حملہ نہیں کیا بلکہ صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ جنگ کی صورت میں امریکا بھی لپیٹ میں آئے گا، ہم ایسا نہیں چاہتے مگر امریکا کو خود کو جنگ سے دور رکھنا ہوگا۔