وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور عالمی بنک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے امریکہ روانہ ہوگئے
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) اور عالمی بنک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ ہوگئے۔ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب دورہ امریکہ کے دوران آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، دورہ کے دوران وزیر خزانہ چین، برطانیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ترکیہ کے ہم منصب قائدین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
امریکہ کے سٹیٹ اور ٹریثری ڈیپارٹمنٹس کے اعلی حکام سے ملاقاتیں بھی دورے کا حصہ ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ دورہ کے دوران وزیرخزانہ کے عالمی کریڈٹ ریٹنگز ایجنسیوں، کمرشل بنکوں بالخصوص مشرق وسطی کے سرمایہ کار بنکوں کے حکام سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
وزیر خزانہ دورہ کے دوران سرمایہ کاری فورمز اور سیمینارز سے خطاب کے دوران ملک کے معاشی منظر نامے کو واضح کریں گے۔ وزیر خزانہ امریکہ کے معروف تھنک ٹینکس کا دورہ اور منتخب بین الاقوامی اور امریکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔