وزیراعظم محمد شہبازشریف کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید کو یو اے ای کی غیرملکی تجارت میں 11فیصد اضافے پر مبارکباد
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کے صدر شیخ محمد بن زید کو یو اے ای کی غیرملکی تجارت میں 11فیصد اضافے پر مبارکباد دی ہے جس کا تجارتی حجم مالی سال 2024کی پہلی ششماہی میں1.39 ٹریلین درہم (397بلین ڈالر)تک پہنچ گیا ہے ۔ وزیراعظم نے ایکس پر اپنےتہنیتی پوسٹ میں کہا کہ میں اپنے بھائی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید کویو اے ای کے تجارتی حجم میں11فیصد اضافے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں جو مالی سال 2024کی پہلی ششماہی میں1.39 ٹریلین درہم (397بلین ڈالر)تک پہنچ گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ یہ اعداد و شمار متحدہ عرب امارات کی تیل کے علاوہ برآمدات اور غیر ملکی تجارت میں متاثر کن اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں ۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کا غیر ملکی تجارت پر توجہ مرکوز کرنا مجموعی اقتصادی حکمت عملی کا حصہ ہے جو صنعتی ترقی ، مسابقت اور جدت کے فروغ کی جانب بڑھنے میں مدد گار رہی ہے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ برسوں سے صدر محمد بن زید کی قیادت میں متحدہ عرب امارات ایک قابل انحصار عالمی تجارتی شراکت دار اور سہولت کار کے طورپر ابھرا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ یو اے ای کی معیشت کی لچک اورترقی کی بھر پور صلاحیت کی حامل معیشت پر عالمی اعتماد میں اضافے کا بھی عکاس ہے ۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاکہ اس متاثر کن اقتصادی کارکردگی کا سہرا صدر محمد بن زید کی ولولہ انگیز قیادت کے سر جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سنگ میل متحدہ عرب امارات کو عالمی تجارتی مرکز بنانے کے یو اے ای کی قیادت کے وژن کو عملی جامع پہنانے کی جانب ایک بڑا اقدام ہے ۔