غزہ جنگ بندی مذاکرات میں پیش رفت ، رواں ہفتے کے آخر تک جاری رہیں گے، وائٹ ہائوس
وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ مصر میں غزہ جنگ بندی کے حوالے سے ہونے والی بات چیت تعمیری رہی اور مذاکرات رواں ہفتے کے آخر تک جاری رہیں گے۔ اردو نیوز کے مطابق جمعرات کو شروع ہونے والے مذاکرات میں امریکا کی نمائندگی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنس اور صدر جو بائیڈن کے مشرق وسطیٰ پر سینئر مشیر بریٹ میک گرک کر رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ پیش رفت ہوئی ہے، دونوں فریقین کو اکھٹے ہونے اور اس معاہدے پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔جان کربی نے یہ واضح نہیں کیا کہ کن نکات پر پیش رفت ہوئی ہے تاہم انہوں نے اصرار کیا کہ امریکا، اسرائیل اور فلسطین کا موقف پیش کرنے والے مصر اور قطر کے ثالثوں کے درمیان ہونے والی بات چیت آگے بڑھی ہے۔
صدر جو بائیڈن نے گزشتہ روز قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں مذاکرات پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
مصری حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر عبدالفتاح السیسی نے جو بائیڈن کے ساتھ ٹیلی فونک کال میں زور دیا کہ اسرائیل اور فلسطین کو معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے لچک کا مظاہرہ کرنا پڑے گا تاکہ تنازعات کو خطے میں پھیلنے سے روکا جا سکے۔