کھیلوں کی دنیا

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے پاکستان کے جیولین سپر سٹار اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاری نے ارشد ندیم کو دس لاکھ روپے کا چیک پیش کیا گیا جبکہ اسلام آباد کی تاجر برادری کی جانب سے قومی ہیرو کو 50 لاکھ روپے کا ایک مزید چیک بھی پیش کیا جائے گا۔ منگل کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں منعقدہ تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے قومی ہیرو ارشد ندیم نے اپنی کامیابی کو محنت اور لگن سے منسوب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی کے پیچھے ایک طویل سفر ہے۔

انہوں نے آئندہ ایونٹس میں اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری نے قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ارشد ندیم کو ایک قومی ہیرو کے طور پر سراہا جنہوں نے ایک مشکل وقت میں قوم کے حوصلے بلند کرتے ہوئے اولمپک میڈل کے لئے پاکستان کا 32 سالہ انتظار ختم کیا۔بختاوری نے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے، ہم آہنگی کو فروغ دینے اور امن و سکون کو فروغ دینے کے لیے کھیلوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں کہا کہ کھیلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنا آج کی دنیا میں ضروری ہے، کیونکہ اس سے قوموں کی پہچان اور عزت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم جیسے مزید کھلاڑی پیدا کرنے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے تاکہ پاکستان کا سر فخر سے بلند ہو۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے پہلے ہی اسلام آباد میں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے ایک سپورٹس اکیڈمی کے قیام کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے جسے ارشد ندیم کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر مایوسیوں میں گھری قوم میں امید کی شمع روشن کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے اس مشکل وقت میں قوم میں اتحاد پیدا کیا جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھیل قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور دنیا بھر میں امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کم وسائل کے باوجود ارشد ندیم کی محنت اور عزم کی وجہ سے گولڈ میڈل جیتنے پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کے لیے صحت مند ماحول کو یقینی بنانے کے لیے کھیلوں کو فروغ دینا ہو گا۔نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ یہ تحفہ دینے پر پوری قوم ارشد ندیم کی مقروض ہے جس کا جشن ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔

کوچ سلمان اقبال بٹ نے ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر آئی سی سی آئی اور ملک بھر کی تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرپرستی قوم کی ایک عظیم خدمت ہوگی۔تقریب میں جڑواں شہروں کی تاجر برادری، سول سوسائٹی، طلباء اور میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button