ہماری ٹیم متوازن ہے اور پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی کے لیے پر عزم ہیں
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان نجم الحسین شانتو نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم متوازن ہے اور پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی کے لیے پر عزم ہیں، لاہور میں کھلاڑیوں نے اچھے ماحول میں پریکٹس کی جس کے لیے پی سی بی کے شکر گزار ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز بہت اہم ہے ، ماضی میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ہماری کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی، اس بار ہماری ٹیم بہت بیلنس ہے اور بہتر پرفارم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں ٹاس جیتنے یا ہارنے کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہو گی، ہمارے کھلاڑی بیٹنگ اور باؤلنگ میں کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سری لنکا کے خلاف ٹیم نے اچھی سیریز کھیلی ۔ پاکستان سے سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہر میچ بہت اہم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شکیب الحسن بہت تجربہ کار کھلاڑی ہیں ، بنگلہ دیش میں سیاسی صورتحال کا ان پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور ان سے اچھے کھیل کی امید ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے لیے لاہور میں ٹریننگ کا انعقاد کیا اور کھلاڑیوں نے تین دن تک بہت اچھے ماحول میں بھرپور پریکٹس کی ۔ اس کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش اے اور شاہینز کے درمیان سیریز نے ہمارے کھلاڑیوں کو کنڈیشنز کا بخوبی اندازہ لگانے میں مدد کی ہے۔