نئی نسل کو انتہاء پسندی اور عدم برداشت سے نکالنے میں کھیلوں کا فروغ انتہائی ضروری ہے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان سپورٹس رائیٹرز فیڈریشن کے وفد نے صدر امجد عزیز ملک کی قیادت میں گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد میں ملک کے چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے سپورٹس رائیٹرز شریک تھے۔ ملاقات میں صوبے میں کھیلوں کی موجودہ صورتحال اور دیگر مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نئی نسل کو انتہاء پسندی اور عدم برداشت سے نکالنے میں کھیلوں کا فروغ انتہائی ضروری ہے، افسوس کہ حقیقی کھلاڑیوں پر توجہ دینے کے بجائے کھلاڑیوں کا فنڈ کرپشن اور اقربا پروری کی نذر کردیا جاتا ہے، کھیلوں کے فنڈز کا شفاف اور منصفانہ استعمال یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ حقیقی ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا سکے اور صوبے میں کھیلوں کی حالت کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے صوبہ نے قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے،
– Advertisement –
ہم نے بارہ سال قبل پرامن صوبہ موجودہ حکمرانوں کو دیا، آج صوبہ پھر دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ یہاں پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان پرانی تہذیبوں کے آثار کے مراکز ہیں، دنیا کو اس جانب مبذول کرانا ہے، صوبہ میں ثقافت کا فروغ ، خواتین کو بااختیار بنانا اور نوجوانوں کو صوبے کی ترقی کے عمل میں شامل کرنا میری ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اضلاع کی سطح پر باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے،
صوبہ سے تعلق رکھنے والی خواتین کھلاڑیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت عالمی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیا اور پاکستان کا نام روشن کیا، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ پشاور کے موقع پر صوبہ کے کھلاڑیوں کے نمائندہ وفد سے انکی ملاقات کرائی جسکا مقصد اپنے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی تھا، بلاول بھٹو زرداری بھی اس حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں کھیلوں کی ابتر حالت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پندرہ سالوں میں صوبے میں فرسٹ کلاس کرکٹ کا انعقاد نہیں ہوسکا جو کہ ایک انتہائی افسوسناک صورتحال ہے۔ اس سے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا ہنر نکھارنے کے مواقع نہیں مل رہے بلکہ صوبے کی مجموعی کھیلوں کی ترقی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ملاقات کے دوران اس بات کا بھی ذکر ہوا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حال ہی میں اپنے دورہ پشاور کے دوران خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں کھلاڑیوں نے بلاول بھٹو زرداری کو صوبے میں کھیلوں کے مسائل اور سہولیات کی کمی کے بارے میں آگاہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کےلیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ حکومت کھیلوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی سی بی کے چیئرمین وفاقی وزیر محسن نقوی نے میری درخواست پر پشاور اور ایبٹ آباد میں کرکٹ اکیڈیمیز کے قیام کی یقین دہانی کرائی ہے، اگلے مرحلہ میں ڈیرہ اسماعیل خان اور سوات میں اکیڈیمیز قائم کی جائیں گی، صنعتکاروں کو صوبہ کے باصلاحیت نوجوانوں کو سپانسر کرنے اور صوبہ میں خوبصورتی بڑھانے کے منصوبہ جات میں شراکت کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کی قدرتی خوبصورتی اور موزوں موسم اسے کھیلوں کے لیے مثالی مقام بناتے ہیں، وہاں عالمی سطح کے ہوٹل اور اسٹیڈیم کی تعمیر سے نہ صرف مقامی کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات ملیں گی بلکہ بین الاقوامی ٹیموں کے لیے بھی یہ مقام پرکشش بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اسکواش کی ایک خاتون کھلاڑی کے اسپانسر شپ کی تقریب میں شرکت کی، سوشل میڈیا پر تنقید ہوئی کہ آپ مخالف سیاسی جماعت کی ایم پی اے کی بہن کا ساتھ دے رہے ہیں،
میں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوان کسی بھی جماعت سے ہوں میں انکے ٹیلنٹ کی قدر کرتا ہوں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے لانے کے لیے کھیلوں کی بہت زیادہ اہمیت ہے، کھیل نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھتے ہیں بلکہ وہ صوبے کی مثبت تصویر پیش کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر صوبے میں کھیلوں کی مناسب سرپرستی کی جائے تو خیبرپختونخوا کے نوجوان عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر سپورٹس رائیٹرز نے گورنر فیصل کریم کنڈی اور بلاول بھٹو زرداری کے کھیلوں کے فروغ میں دلچسپی اور اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی کوششوں سے صوبے میں کھیلوں کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔