اقوام متحدہ کی غزہ کے بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے فوری جنگ بند ی کی اپیل
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے غزہ کی پٹی میں تنازع کے تمام فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کو یقینی بنائیں تاکہ غزہ میں پولیو وائرس کے خلاف ویکسینیشن کی جا سکے۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے کہا کہ غزہ میں پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس پر قابو پانے کے لیے بڑے پیمانے پر مربوط اور فوری کوششوں کی ضرورت ہوگی۔ اقوام متحدہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے تمام فریقین سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں پولیو ویکسینیشن مہم چلانے کے لیے فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کے لیے ٹھوس ضمانتیں فراہم کریں۔اقوام متحدہ نے غزہ میں 6 لاکھ 40 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے سات روزہ جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے ۔ عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے اطلاع دی ہے کہ اقوام متحدہ کی ایجنسیاں رواں ماہ کے آخر میں 10 سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے اورل پولیو ویکسین ٹائپ 2 متعارف کرانا چاہتی ہیں۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کی عدم موجودگی میں یہ مہم نافذ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ یاد رہے جولائی میں عالمی ادارہ صحت نے انکشاف کیا تھا کہ غزہ کی پٹی میں صحت کی صورتحال سنگین ہے۔ سیوریج کے نظام کی خرابی کی وجہ سے غزہ کی پٹی میں پولیو وائرس کے پھیلنے کا خطرہ بہت بڑھ گیا ہے۔