برطانیہ، مساجد کو نذرآتش کرنے اور نمازیوں کو قتل کرنے کی دھمکی دینے والے شخص کو جیل بھیج دیا گیا
برطانیہ میں پانچ مساجد کو نذرآتش کرنے اور مسلمان رہنماؤں اور نمازیوں کو قتل کرنے کی دھمکی دینے والے شخص کو جیل بھیج دیا گیا ہے ۔اردو نیوز کے مطابق تمام الزامات کا اعتراف کرنے کے بعد بلیک ہِنڈری کو اڑھائی سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
میٹروپولیٹن پولیس نے کہا کہ اس نے بلیک ہِنڈری کی کالز کا پتہ لگانے کے لیے24 گھنٹے کام کیااور امید ظاہر کی کہ ان کمیونٹیز کو انصاف فراہم کیا جائے گا جو دائیں بازو کے تشدد میں اضافے سے خطرہ محسوس کرتے ہیں اور جس نے تارکین وطن اور مسلم کمیونٹی کے اراکین کو نشانہ بنایا۔میٹروپولیٹن پولیس کے کمانڈر لوئی پڈفوٹ نےبیان میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں حالیہ ہفتوں میں جو پرتشدد واقعات اور جرائم دیکھے گئے ہیں، اس کے بعد مسلم کمیونٹی نے خود کو اپنی حفاظت کے لیے خاص طور پر فکرمند محسوس کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیمیں اس مدت کے دوران کیے جانے والے تمام جرائم کی تحقیقات کر رہی ہیں کیونکہ ہم کمیونٹیز کے درمیان اعتماد پیدا کرنے کے لیےمحنت کرتے ہیں۔
– Advertisement –
برطانیہ میں ایک ہفتے سے زائد عرصے تک امیگریشن مخالف فسادات ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد گرفتاریاں ہوئیں۔تحقیقات کے بعد گزشتہ روز برطانوی پولیس نے ایک 18 سالہ شخص اور ایک 19 سالہ خاتون پر دہشت گردی کے جرائم کے الزام میں فرد جرم عائد کی۔یاد رہے کہ پانچ اگست کو ٹیلی فون کے ذریعے دھمکی دیتے بلیک ہِنڈری نے کہا تھا کہ وہ عمارتوں کے اندر موجود ہر شخص کو مار ڈالیں گے۔