ملک میں سازش کا سرغنہ عمران خان اور سہولت کار فیض حمید تھے، کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ملک میں تباہی پھیلائے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی پریس کانفرنس
وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں سازش کا سرغنہ عمران خان اور سہولت کار فیض حمید تھے، پاک فوج میں خود احتسابی کا اپنا میکنزم ہے، تحقیقات کا دائرہ کار بڑھتا نظر آ رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں بجلی کے صارفین کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کیا، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔ ہفتہ کو یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت اور افہام و تفہیم کی سیاست کی۔
محمد نواز شریف نے 90ءکی دہائی میں جنوبی ایشیاءکی پہلی موٹر وے تعمیر کروائی اور پھر ملک بھر میں موٹر ویز کا جال بچھایا، کاروباری آسانیاں پیدا کیں جس کے تحت پاکستان کا اکنامک ریفارمز ایکٹ آیا یہ پہلا ایکٹ تھا جس نے کاروباری برادری کو سہولت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کئے، موٹر ویز کے جال بچھائے، بجلی کے منصوبے لگائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 500 یونٹ تک بجلی کے بلوں میں دو ماہ کے لئے فی یونٹ 14 روپے کمی کی ہے اور اس مقصد کے لئے 45 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بہت بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءسے پہلے مہنگائی 4 فیصد تھی اور شرح نمو 6 فیصد، اس کے بعد ایک دور ایسا آیا جس میں مہنگائی 22 فیصد سے بھی اوپر گئی، اس دور میں 190 ملین پائونڈ اور توشہ خانہ کے تحائف لوٹے گئے، سائفر کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب دوبارہ مہنگائی 11 فیصد پر آ گئی ہے اور تمام عالمی مالیاتی ادارے اور جریدے کہہ رہے ہی کہ مہنگائی میں مزید کمی آئے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے یوم آزادی کے موقع پر عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا تحفہ دیا۔ اس سے پہلے وزیراعظم نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو تین ماہ کے لئے پچاس ارب روپے کی سبسڈی دی جو بہت بڑا قدم تھا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے بڑے اقدامات کئے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ حالات میں بہتری لانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو بھی قدم اٹھانا پڑا، نواز شریف کی قیادت میں اٹھائیں گے۔
وفاقی حکومت شہباز شریف کی قیادت میں اور پنجاب حکومت مریم نواز کی قیادت میں عوامی ایجنڈے پر کاربند ہیں، عوام کو ریلیف فراہم کر کے دم لیں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاک فوج نے شفاف تحقیقات کی ہیں، فوج میں خود احتسابی کا اپنا میکنزم ہے، پاک فوج کا شمار دنیا کے بہترین اداروں میں اس لئے ہوتا ہے کہ وہ خود احتسابی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تحقیقات کا دائرہ کار مزید بڑھتا نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے لیڈر نے ملک میں انتشار اور تقسیم کی سیاست کی، ان لوگوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے ملک میں بدامنی پھیلائی اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں انتشار پھیلانے کے لئے اس تمام سازش کا سرغنہ عمران خان اور سہولت کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید اور دیگر لوگ تھے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی قیادت میں یہ گٹھ جوڑ کام کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کا دائرہ کار مزید بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ملک میں تباہی پھیلائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے ان لوگوں کے ساتھ مل کر کہا تھا کہ طالبان کو واپس آنا چاہئے، انہوں نے طالبان کو واپس لایا اور یہاں بسایا، آج ملک میں امن و امان کی خراب صورتحال کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی قیادت میں انتشار پھیلانے کی کوششوں میں یہ لوگ اس کا حصہ تھے، انہوں نے قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا، ملک میں انتشار پھیلایا، شواہد سامنے آ رہے ہیں کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا رابطہ بحال تھا۔ نہ صرف انہوں نے تحریک عدم اعتماد کے دوران گٹھ جوڑ کی سیاست کی بلکہ جیل سے بھی پیغام رسانی جاری تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے خود احتسابی کے عمل کو سراہتے ہیں، یہ مثبت قدم ہے، جو کوئی بھی ملک میں انتشار پھیلائے گا اس کا انجام یہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اداروں کو بھی خود احتسابی کرنی چاہئے اور اس کا دائرہ کار وسیع ہونا چاہئے۔ عوام کو بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کی حکومت کے ساتھ مل کر شمسی توانائی پر ٹیوب ویلز لگانے کا مشترکہ منصوبہ شروع کیا ہے۔
بلوچستان میں 28 ہزار سولر ٹیوب ویلز لگائے جائیں گے، اس سے بجلی کی بچت ہوگی اور کسانوں کو ریلیف لے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے رائٹ سائزنگ اور ڈائون سائزنگ کے حوالے سے بھی ایک اجلاس کی صدارت کی ہے۔ جو ادارے سرکاری خزانے پر بوجھ ہیں، ان کے حوالے سے تجاویز طلب کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں اس پر مزید کام ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لطیف کھوسہ کو جھوٹ اور بہتان والی باتیں زیب نہیں دیتی، جھوٹ، بہتان اور الزام تراشی ان کے لیڈر کا وطیرہ رہا ہے اور وہ اسی وطیرے کو اپناتے ہوئے ایسی باتیں کر رہے ہیں، یہ وہی سازش ہے جو بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے حواریوں نے پی ٹی آئی دور میں چیف جسٹس کی اہلیہ کے بارے میں کی تھی اور انہیں کٹہرے میں کھڑا کیا گیا،
یہ مائنڈ سیٹ آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ان کے خلاف جو مہم شروع کی ہے، یہ کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی کے حوالے سے پہلے ہی وزیراعظم نے ایک ٹاسک فورس قائم کر دی ہے جو اپنا کام کر رہی ہے، اس میں آئی پی پیز کے معاملات پر بھی نظرثانی کی جا رہی ہے، بجلی کی قیمتیں نیچے لانے کے لئے کام کیا جا رہا ہے، یہ کام ہم نے مارچ کے مہینے میں شروع کر دیا تھا۔ بجلی چوری کی روک تھام کے لئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ سولرائزیشن کی طرف صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لئے کریک ڈائون کیا جائے گا، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے دیگر عوامل پر بھی نظرثانی ہوگی اور اس کا پائیدار اور دیرپا حل نکالا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج میں خود احتسابی خوش آئند ہے، سیاسی مداخلت اور کرپشن کے خلاف پاک فوج نے قدم اٹھا کر مثال قائم کی ہے، دیگر اداروں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہئے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھیلوں پر کسی کو اختلاف نہیں، میڈیا کے توسط سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے کہوں گا کہ وہ عوام کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کریں۔ خیبر پختونخوا میں اچھے سپورٹس مین ہیں، ہماری کرکٹ ٹیم میں بھی کئی کھلاڑیوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم قوم کا فخر ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ارشد ندیم جیسے جوان اس ملک کا نام روشن کرتے رہیں۔