کھیلوں کی دنیا

ٹاپ اینڈ ٹی ٹونٹی سیریز، پاکستان شاہینز نے میلبورن رینیگیڈز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنے چوتھے میچ میں میلبورن رینیگیڈز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی، پاکستان شاہینز نے میلبورن کا 108 رنز کا آسان ہدف 18 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی چار میچوں میں تیسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل اس نے پرتھ سکارچرز کو17 رنز سے اور تسمانیہ ٹائیگرز کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ میلبرن اسٹارز کے خلاف اسے 47 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔جمعرات کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر میلبرن رینیگیڈز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو18.3 اوورز میں 107 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان شاہینز نے جواب میں 18 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

پی ایس بی کے مطابق پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں میلبورن رینیگیڈز کی بیٹنگ لائن کسی بھی موقع پر سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔ ایک موقع پر اس کی 7 وکٹیں صرف 67 رنز پر گرگئی تھیں۔جے لیمائر نے سب سے زیادہ 23 رنز سکور کیے۔ بلیک مکڈونلڈ نے 18 رنز بنائے۔پاکستان شاہینز کی طرف سے جہانداد خان نے 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ اب تک چار میچوں میں9 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔عارف یعقوب، عمران جونیئر اور فیصل اکرم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان شاہینز کو 108 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹوں کا جلد نقصان اٹھانا پڑا، صاحبزادہ فرحان 4 اور کپتان محمد حارث 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ عمیر بن یوسف نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 25 رنز اسکور کیے۔ عثمان خان نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 38 رنز بنائے۔طیب طاہر4 اور عرفان خان 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔جہانداد خان نے ہیرس کی گیند پر چھکا مارکر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔ پاکستان شاہینز اپنا پانچواں میچ 16 اگست کو بنگلہ دیش اے کے خلاف کھیلے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button