صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کیلئے سول ایوارڈ کی منظوری دے دی
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کیلئے سول ایوارڈ کی منظوری دیدی۔ ڈائریکٹر جنرل احمد اسحاق جہانگیر کو گراں قدر خدمات پر ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ ایف آئی اے سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق احمد اسحاق جہانگیر نے بطور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے انسانی سمگلنگ، دہشت گردی، منی لانڈرنگ اور آن لائن جنسی ہراسگی جیسے سنگین جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا، بچوں کی جنسی استحصال کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے ملک بھر میں خصوصی سیل بنائے گئے اور انہوں نے سائبر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے عالمی اداروں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے کے لئے اہم کردار ادا کیا۔
احمد اسحاق جہانگیر نے 1992 میں پاکستان پولیس سروس میں شمولیت اختیار کی، ان کا تعلق 20 ویں کامن سے ہے، انہوں نے پاکستان میں سائبر کرائم کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔بطور ایڈیشنل ڈی جی سائبر کرائم ونگ احمد اسحاق جہانگیر کی قیادت میں ایف آئی اے نے سائبر کرائم کے خلاف موثر حکمت عملی تیار کی اور بروقت اقدامات کیے، آپ کی کوششوں کی بدولت سائبر کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں اور متعدد گرفتاریاں عمل میں آئیں ، آپ کی قیادت میں ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ اور سوشل میڈیا پر جعلی، قابل اعتراض، نفرت آمیز مواد کے خلاف سخت اقدامات کیے۔
احمد اسحاق جہانگیر نے نے بین الاقوامی سطح پر ایجنسی کی کارکردگی میں اضافہ کیا اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا۔ علاوہ ازیں آپ کی خدمات میں پولیس کے روایتی طریقوں کو جدید طریقہ کار سے بدلنا بھی شامل ہے، آپ نے پولیس رولز 2018-2017 کا مسودہ تیار کیا، جس سے پولیس کے کام کرنے کے طریقوں میں بہتری آئی۔احمد اسحاق جہانگیر کو شاندار کارکردگی کی بدولت 1995 میں صدر کے پولیس میڈل سے بھی نوازا گیا۔ ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کو سول ایوارڈ 23 مارچ 2025 کی تقریب میں دیا جائے گا۔