انگلش کرکٹر گس ایٹکنسن نے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز حاصل کرلیا
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر گس ایٹکنسن نے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پیر کے روز آئی سی سی نے ماہ جولائی کے بہترین کھلاڑی کے نام کا اعلان کیا ، انگلش کرکٹر ایٹکنسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ ایٹکنسن نے گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 16.22 کی اوسط سے 22 وکٹیں حاصل کیں۔ لارڈز کے میدان میں گس ایٹکنسن نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں 45 رنز دے کر 7 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔
ماہ جولائی کے بہترین کھلاڑی کے لئے دیگر نامزدگیوں میں بھارت کے آف سپنر واشنگٹن سندر اور سکاٹ لینڈ کے فاسٹ بائولر چارلی کاسیل بھی شامل تھے۔ 26 سالہ فاسٹ بائولر ایٹکنسن نے ایوارڈ ملنے پر اپنے بیان میں کہا کہ آئی سی سی پلیئر آ ف دی منتھ ایوارڈ حاصل کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، میرے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز حیران کن رہا، میں نے اپنی پہلی ہی انٹرنیشنل ٹیسٹ سیریز میں اتنی حیران کن کارکردگی کا کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ بہترین ماحول اور سپورٹ فراہم کرنے پر اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچ برینڈن میکولم اور کپتان بین سٹوکس کا شکرگزار ہوں۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ سری لنکا ویمن ٹیم کی کپتان چماری اتھاپاتھو نے حاصل کیا۔ سری لنکن کپتان نے اپنی شاندار بیٹنگ سے ٹیم کو ویمن ایشیا کپ کا ٹائٹل جتوایا۔