آئی ایم ایف کے ساتھ 9ماہ کے سٹینڈ بائی معاہدے کے نتیجہ میں معیشت مستحکم ہوئی، وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب کی پیپسی کو کے چیف ایگزیکٹوآفیسر برائے افریقہ ومڈل ایسٹ یوجین ولیمسن سے ملاقات میں گفتگو
وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ کلی معیشت کے اشاریے بہترہورہے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ 9ماہ کے سٹینڈ بائی معاہدے کے نتیجہ میں معیشت مستحکم ہوئی، معاشی استحکام کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف سطح کامعاہدہ کیا گیاہے ۔ انہوں نے یہ بات پیرکویہاں پیپسی کو، کے چیف ایگزیکٹوآفیسر برائے افریقہ ومڈل ایسٹ یوجین ولیمسن کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ کمپنی کے پاکستان اورافغانستان کیلئے سی ای او محمد کھوسہ بھی اس موقع پرموجودتھے۔وزیر خزانہ نے یوجین ولیمسن کا خیرمقدم کیا اور انہیں پاکستان کی اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان میں کلی معیشت کے اشاریے بہترہورہے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہاہے، مہنگائی میں کمی آرہی ہے جبکہ کرنسی مستحکم ہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ 9ماہ کے سٹینڈ بائی معاہدے کے نتیجہ میں معیشت مستحکم ہوئی ہے اور معاشی استحکام کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف سطح کامعاہدہ کیاگیاہے ۔انہوں نے توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، سرکاری اداروں کی تنظیم نو اور ٹیکسیشن کے شعبہ میں اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت ٹیکس کے دائرہ کار اوربنیاد کووسیع کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔وزیرخزانہ نے پیپسی کو، کے سیڈ لیب کے اقدام اوراس کے نتیجہ میں زرعی اور مجموعی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں اثرات کو سراہا۔ ایف بی آر میں ڈیجیٹلائزیشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام راست اور نادرا کے درمیان مربوط رابطوں کی ضرورت پربھی زوردیا۔
یوجین ولیمسن نے پاکستان میں مثبت معاشی اشاریوں کی تعریف اور مالیاتی شعبے میں نمو کی تائید کی۔ فریقین نے پاکستان میں مسلسل اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے لئے مشترکہ عزم کااعادہ کیا۔