ٹاپ نیوز

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس

معیشت کی شرح نمو کے اہداف ، میکرو اکنامک فریم ورک برائے سالانہ منصوبہ بندی 25۔2024 اور 13ویں پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کی منظوری

قومی اقتصادی کونسل نے معیشت کی شرح نمو کے اہداف ، میکرو اکنامک فریم ورک برائے سالانہ منصوبہ بندی 25۔2024 ، 13ویں پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے، پائیدار ترقی کے اہداف اور پسماندہ علاقوں کو ترقیاتی بجٹ میں ترجیح دینے کے اقدامات کی منظوری دے دی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملکی ترقی ، معیشت کی بحالی اور عوام کی خوشحالی کیلئے موجود وسائل کو بروئے کار لائے گی، معیشت کے حوالہ سے تمام اہم فیصلوں میں وفاق صوبوں اور متعلقہ فریقین سے مشاورت کو یقینی بنائے گا، زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، زرعی ترقی کیلئے صوبوں سے مشاورت کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، احد خان چیمہ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز خان بگٹی، صوبائی وزیرِ پنجاب برائے منصوبہ بندی و ترقی مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر آبپاشی سندھ جان خان شورو، مشیرِ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مزمل اسلم، صوبائی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی بلوچستان ظہور احمد بلیدی، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی ترقی، معیشت کی بحالی اور عوامی کی خوشحالی کیلئے حکومت موجودہ وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کے حوالے سے تمام اہم فیصلوں میں وفاق صوبوں اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت یقینی بنائے گا تاکہ ملکی ترقی کیلئے اجتماعی بصیرت کے نتیجے میں ایسے فیصلے کئے جائیں جو مثبت ہوں اور سب کی رضامندی شامل ہو، قومی اقتصادی کونسل ملکی معیشت کے حوالے سے اہم فیصلوں کا سب سے بڑا فورم ہے جس کو معیشت کی بحالی کیلئے اہم فیصلوں کیلئے استعمال کریں گے۔اجلاس میں کونسل نے گزشتہ روز لکی مروت میں دہشت گروں کے حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد فراز الیاس شہید اور دیگر فوجی جوانوں کیلئے مغفرت اور ان کے اہلِخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم نے قومی اقتصادی کونسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایک کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ کمیٹی صوبوں و دیگر سٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت سے نہ صرف قومی اقتصادی کونسل کو مزید فعال بنانے بلکہ اسے ہم عصر تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تجاویز مرتب کرے گی۔ کونسل کو 24۔2023 کے سالانہ ترقیاتی منصوبے و کارکردگی اور 25۔2024 کے مجوزہ ترقیاتی منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ برس کیلئے شرح نمو کے ہدف میں واضح اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، زراعت کی ترقی کیلئے صوبوں سے مشاورت انتہائی کلیدی اہمیت کی حامل ہے، یقینی بنایا جائے کہ زراعت اور دیگر شعبوں کے حوالے سے صوبوں کی تجاویز کو پلان میں شامل کیا جائے۔ کونسل نے معیشت کی شرح نمو کے اہداف، میکرو اکنامک فریم ورک برائے سالانہ منصوبہ بندی 25۔2024، ، Anuual Plan 2024-25 کی اشاعت اور وزارتوں، صوبوں و خصوصی اداروں کو اس منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اصولی منظوری دے دی۔ کونسل کو تیرہویں پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کونسل کو بتایا گیا کہ منصوبے کے اہداف میں ملک کے ہر خطے بالخصوص پسماندہ علاقوں کی ترقی، برآمدت میں اضافے، چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعت کے فروغ، سماجی تحفظ و تخفیفِ غربت، افرادی قوت کی استعداد میں اضافے، نالج اکانومی کی سمت میں ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاؤ کیلئے لائحہ عمل شامل ہیں۔ کونسل نے وزارت منصوبہ بندی کو ہدایت کی کہ صوبوں کو قومی معیشت میں مثبت کردار اور برآمدات میں اضافے کیلئے مختلف شعبوں میں واضح اہداف پر ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔ مزید ہدایت دی گئی کہ معیشت کی مجموعی شرح نمو کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے صوبوں کو مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے اور اس کے لئے شروعات اہم شعبوں مثلاً زراعت سے کی جائے۔

کونسل کو معیشت کی بحالی اور ملکی ترقی کیلئے قومی اہداف اور ان کو حاصل کرنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ برآمدی مصنوعات کی تیاری، زراعت کی جدت، مصنوعی ذہانت و بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ، پائیدار و قابل تجدید توانائی، پانی کے ذخائر کا مؤثر استعمال، نوجوانوں اور خواتین کی ترقی اور سی پیک کے دوسرے مرحلے پر مؤثر و جلد عملدرآمد جیسے اقدامات آئندہ پانچ برس میں ملکی معیشت کی ترقی یقینی بنائیں گے۔ کونسل نے تیرہویں پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کی اصولی منظوری دے دی۔ کونسل کو 24۔2023 کے ترقیاتی بجٹ کا جائزہ اور 25۔2024 کے ترقیاتی بجٹ کے مجوزہ اعشاریے بھی پیش کئے گئے۔ کونسل کو بتایا گیا کہ آئندہ ترقیاتی بجٹ میں سی پیک کے منصوبوں، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے منصوبوں، تکمیل کے قریب جاری منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔

اس کے علاوہ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز ) کو ترقیاتی بجٹ میں شامل کرنے اور پسماندہ علاقوں کو ترقیاتی بجٹ میں ترجیح دی جائے گی۔ کونسل نے مذکورہ اقدامات کی منظوری دے دی۔کونسل کو سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی ) اور قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک ) کی یکم اپریل 2023 سے یکم مئی 2024 کی کارکردگی پر رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button