قومی

وزیراعظم شہبازشریف کی کیپٹن فراز الیاس شہید کی نماز جنازہ میں شرکت، میت کو کندھا دیا، شہید کے گائوں کو ماڈل ویلج بنانے کا اعلان

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو قصور میں لکی مروت دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کیپٹن محمد فراز الیاس کی میت کو کندھا بھی دیا۔نماز جنازہ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ،انسپکٹر جنرل پنجاب سمیت دیگر اعلی سول و فوجی افسران اور جوانوں نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نے بعد ازاں کیپٹن فراز الیاس شہید کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شہید کے گائوں کو ماڈل ویلج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے گائوں کو فراز الیاس شہید کے نام سے منسوب کرنے کے احکامات دیئے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے،بزدل دہشت گرد قیام امن کے ہمارے عزم کو متزلزل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی کسی کسی کو یہ عظیم مقام بخشتا ہے،قرآن مجید میں فرمان ہے کہ شہید کو مردہ مت کہو یہ زندہ ہیں

شہید کیپٹن فراز الیاس اپنے خاندان کی مغفرت کا باعث بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ہزاروں جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا،میں یقین دلاتا ہوں کہ شہید کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،شہید کا خون ضرور رنگ لائے گا۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ وطن کی خاطر جان دینے والوں کی قربانیاں کو فراموش نہیں کر سکتے،ارض پاک سے دہشت گردوں کو ختم کر کے ہی دم لیں گے۔

بعد ازاں لکی مروت حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد فراز الیاس کی مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کر دی گئی۔ وزیر اعظم نے شہید کی قبر پر حاضری دی،فاتحہ خوانی کی،قبر پر پھول رکھے اور شہید کی بلندی درجات کے لئے دعا کی۔قصور کے گائوں رائے کلاں سے تعلق رکھنے والے26 سالہ شہید کیپٹن محمد فراز الیاس نے لکی مروت کے قریب فرائض کی ادائیگی کے دوران آئی ای ڈی حملے میں جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔\

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button