کھیلوں کی دنیا

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ جیتنا ہدف ،قوم دعا کرے،ہم میگا ایونٹ میں سوفیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے،بابراعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ وہ بحیثیت کپتان ٹی 20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل اور فائنل کھیل چکے ہیں، اب میگاٹرافی جیتنا ہدف ہے ۔

بابر اعظم نے پی سی بی پوڈ کاسٹ کے خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمارا مقصد ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنا ہے جس کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر کھیلنا ہو گا،پاک ، بھارت میچ کی بات ہی کچھ اور ہے جس میں صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے شائقین میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے، یہ پریشر گیم ہوتا ہے ، اگر آپ اس میچ میں خود کو جتنا فوکس اور بنیادی باتوں پر توجہ رکھیں گے چیزیں آسان رہیں گی لیکن آئی سی سی ایونٹ میں صرف ایک میچ پر توجہ نہیں دینی ہوتی ہے ، چیمپئن بننے کے لیے تمام ٹیموں کو ہرانا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا شیڈول اچھا ہے، امریکہ میں پہلی بار یہ ایونٹ ہو رہا ہے اس لیے وہاں ڈراپ ان پچز اور مختلف گراؤنڈز ہوں گے، مختلف ماحول اور ایک نیا تجربہ ہو گا، انہوں نے کہا کہ کنڈیشنز کا زیادہ پتہ نہیں لیکن ہم ایونٹ سے پہلے معلومات حاصل کر کے خود کو مقابلے کے لیے تیار کر لیں گے،

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بحیثیت کپتان یہ ان کا تیسرا ٹی 20 ورلڈ کپ ہے، ان کی کپتانی میں پاکستان نے سیمی فائنل اور فائنل کھیل لیا ہے اب وہ ٹرافی جیت کر وطن واپس آنا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے ہمیں ہر ٹیم کے خلاف بہترین کرکٹ کھیلنی ہو گی، بدقسمتی سے پچھلے دو ورلڈ کپ میں فنشنگ نہ ہونے کی وجہ سے ہم فاتح نہ بن سکے،

اس بار وہ غلطیاں دہرانا نہیں چاہتے، کپتان نے مزید کہا کہ اس وقت ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے، پچھلے دنوں جو چیزیں چلتی رہی تھیں ان میں کچھ بنائی گئی تھیں، انہیں اس طرح پیش کیا گیا کہ نہ جانے کیا ہو گیا ہے جب ایسی چیزیں ہوتی ہیں تو ہماری کوشش یہ نہیں ہوتی کہ اسے دنیا کو دکھایا جائے، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو اسے سنا جائے اور اسے فوراً حل کیا جائے ،

بابر اعظم نے کہا کہ ان کے اسٹرائیک ریٹ پر بہت زیادہ بات ہوتی رہی ہے، جب انہیں یہ احساس ہوا کہ اسٹرائیک ریٹ بہتر ہونا چاہیے تو انہوں نے اس پر کافی کام کیا ، سچویشن کے مطابق کھیلنا پڑتا ہے ، آپ ہر وقت ایک ہی اسٹرائیک ریٹ سے نہیں کھیل سکتے، ان کا کھیل مختلف ہے، وہ کریز پر جا کر کچھ وقت لیتے ہیں، وہ اپنی بیٹنگ کی بنیادی باتوں پر توجہ رکھتے ہیں ،

بابر اعظم نے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ وہ اپنے لیے کھیلتے ہیں ایسا بالکل نہیں ہے ، اگر وہ اپنے لیے کھیلنے لگیں تو پھر یہ مختلف گیم ہو جائے گی ، وہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلتے ہیں کیونکہ ان کے نزدیک ٹیم پہلے ہے باقی چیزیں بعد میں ہیں،

بابر اعظم نے کہا کہ نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا بحیثیت کرکٹر اور کوچ تجربہ بہت وسیع ہے جو ٹیم کے کام آئے گا ، انہوں نے اپنے پرستاروں کے نام پیغام میں کہا کہ وہ ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا کریں، ہماری طرف سے پوری کوشش ہو گی کہ ہم سو فیصد کارکردگی دکھائیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button