رمضان المبارک کے بازاروں کے پرمٹ کے لیے درخواستوں کی وصولی3 مارچ تک کی جائے گی،مکہ مکرمہ میونسپلٹی
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ماہ مبارک میں لگائے جانے والے بازاروں کے پرمٹ کے لیے درخواستوں کی وصولی اتوار 3 مارچ تک کی جائے گی۔عاجل نیوز کے مطابق مکہ میونسپلٹی نے ہر برس کی طرح اس سال بھی رمضان بازاروں کے قیام کا منصوبہ مکمل کر لیا ہے۔
بازار میں سعودی شہریوں کو سٹالز لگانے کی اجازت ہوتی ہے۔رمضان بازار کے حوالے سے بلدیہ نے کہا کہ مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں رمضان بازار لگانے کا مقصد تجارتی امور کو منظم کرنا ہے تاکہ خریداری کرنے والوں کو سہولت ہو اور تجارتی معیار کو بہتر کیا جائے۔
اس ضمن میں بلدیہ کے ذمہ دار نے کہا کہ منظم بازاروں کے انعقاد سے شاہراہوں پر غیرقانونی خوانچے لگانے کا رجحان ختم ہو گا۔ خوانچوں سے راہ گیروں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی تھی۔ مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے کہا کہ رمضان بازار کے لیے پرمٹ ڈیجیٹل ہو گا جسے ’فرص‘ ویب سائٹ کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔