کاروباری

معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا نئی حکومت کی اہم ترجیح ہونی چاہیے، احسن بختاوری

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے ملک میں انتخابات کا عمل مکمل ہونے پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نو منتخب حکومت تاجر برادری کے اہم مسائل کو حل کرنے کے لیے ترجیحی اقدامات کرکے معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی اور کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے پر توجہ دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے اور ان وسائل کا بہتر استعمال کر کے پاکستان خطے کی ایک مضبوط معیشت کے طور پر ابھرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نو منتخب حکومت گڈ گورننس اور ریگولیٹری اصلاحات پر ترجیحی توجہ دے گی تا کہ پاکستان کو کاروبار اور سرمایہ کاری کا مرکز بنایا جا سکے۔احسن بختاوری نے کہا کہ جو عوامل کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں رکاوٹ ہیں ، نو منتخب حکومت نجی شعبے کے ساتھ مشاورت کر کے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر توجہ دے جس سے ملک میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت جلد بحال ہو گی۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ نو منتخب حکومت علاقائی تجارت کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے جس سے ملک میں کاروبار، برآمدات اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا ۔

انہوں نے کہا کہ نئی حکومت ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کرنے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ بھرپور تعاون کرے جس سے ہماری برآمدات کو تیزی سے فروغ ملے گا، ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا اور معیشت جلد بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے جس سے ملک میں ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی آئی پاکستان کو کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کی کوششوں میں نئی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان میں مہنگی توانائی کی وجہ سے کاروبار کی لاگت بہت بڑھ گئی ہے اور ہماری برآمدات کیلئے عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نو منتخب حکومت قابل تجدید توانائی ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے جس سے پیداواری لاگت کم ہو گی، صنعتی شعبہ بہتر ترقی کرے گا اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے اس بات پر زور دیا نومنتخب حکومت کم از کم دس سالہ معاشی پالیسی تشکیل دینے پر توجہ دے جس سے کاروباری برادری کو نیا اعتماد ملے گا، پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button