صدر مملکت آصف علی زرداری کی مرحوم میاں منظور احمد وٹو کی رہائش گاہ آمد، اہلِ خانہ سے اظہارتعزیت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب مرحوم میاں منظور احمد وٹو کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے انتقال پر اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بیگم پروین وٹو، مرحوم میاں منظور احمد وٹو کے بچوں اور خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کی اور مرحوم رہنما کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے میاں منظور احمد وٹو کی ملکی و صوبائی سیاست میں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وفاقی وزیر کی حیثیت سے اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ مرحوم رہنما نے جمہوریت کے استحکام اور قومی یکجہتی کے فروغ میں قابلِ قدر خدمات سرانجام دیں۔ میاں منظور احمد وٹو سے اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ غم کی اس گھڑی میں خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کی تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔
صدر مملکت نے مرحوم کے بچوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پنجاب اور پاکستان کی سیاست میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں اور صوبے میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کریں۔ صدرِ مملکت نے فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی۔
بعد ازاں صدر آصف علی زرداری نے وٹو ہائوس میں پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کی، جہاں پارٹی کے تنظیمی امور اور موجودہ سیاسی صورتحال خصوصاً صوبہ پنجاب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری، خورشید محمود قصوری، شہزاد سعید چیمہ، مخدوم عثمان محمود اور جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ بھی موجود تھے۔



