ڈی جی این سی سی آئی اے کی زیر صدارت آئی ٹی ٹیم کا اجلاس، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا جائزہ لیا گیا

ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت آئی ٹی ٹیم کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور تکنیکی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق اجلاس میں آئی ٹی شعبے سے وابستہ تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ مختلف مقامات سے افسران بذریعہ زوم شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران ادارے کے موجودہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، آئی ٹی سسٹمز، تکنیکی استعداد اور آپریشنل ضروریات پر غور کیا گیا اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال، تکنیکی سہولیات میں اضافے اور مختلف شعبوں کی ضروریات کے مطابق آئی ٹی سسٹمز کی بہتری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ادارے کے ڈیجیٹل نظام کو مزید مستحکم، مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے ادارے کی مجموعی کارکردگی، تفتیشی صلاحیت اور عوامی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔



