قومی

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی ملاقات

برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور اعلیٰ سطح پر مسلسل روابط کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور ایران نے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور اعلیٰ سطح پر مسلسل روابط کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور پر باقاعدگی سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔اس بات کا اظہارنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ملاقات میں کیا گیا جو پیر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارکباد دی اور اجلاس میں ہونے والے نتیجہ خیز تبادلہ خیال، پرتپاک مہمان نوازی اور بہترین انتظامات کو سراہا۔ دونوں فریقین نے علاقائی تعاون اور روابط سمیت ای سی او کی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔علاقائی صورتحال میں ہونے والی تازہ پیشرفت پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے زور دیا کہ زیر التواء مسائل کے حل، کشیدگی میں اضافے کی روک تھام اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔دونوں رہنمائوں نے مسلسل روابط اور باہمی مشاورت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور باقاعدگی سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button