نئے صوبوں کے قیام کیلئے ریفرنڈم کی حمایت کرتے ہیں، ملتان اور بہاولپور سمیت پنجاب میں نئے صوبے وقت کی ضرورت ہیں، عبدالعلیم خان

صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے نئے صوبوں کے قیام کے لئے ریفرنڈم کی حمایت کرتے ہیں،نئے صوبوں کے قیام پر موقف بہت واضح ہے،ملتان اور بہاولپور سمیت پنجاب میں نئے صوبے وقت کی ضرورت ہیں۔پیر کے روز کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےصدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کے بغیر لوگوں کی داد رسی نہیں ہو سکتی،نئے صوبوں کے قیام سے کسی کی بادشاہت کو فرق پڑتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں،بادشاہت صرف اللہ کی ہے، بندے کی کوئی بادشاہت نہیں،نئے صوبوں سے کسی کی حکمرانی کو سکڑنے کا خدشہ نہیں ہونا چاہئے
جب تک نئے صوبے نہیں بنتے عام آدمی کو ریلیف نہیں مل سکتا،جنوبی پنجاب کے عوام ریفرنڈم میں نئے صوبوں کے لئے ووٹ دیتے ہیں تو یہ خوش آئند ہوگا۔صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے نئے صوبوں کی تشکیل کے لئے طریقہ کار کی بھی حمایت کر دی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے صوبوں پر ریفرنڈم ضرور ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں این ایچ اے پوری طرح سرگرم عمل ہے،مختلف شاہراہوں پر کام جاری ہے، لودھراں ملتان ایکسپریس وے کی تزئین و آرائش جاری ہے۔وفاقی وزیر مواصلات نے لودھراں ملتان ایکسپریس وے این 5کے درمیان گرین بیلٹ اور لائٹنگ کی ہدایت کی ہے،جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے مظفر گڑھ،میانوالی سڑک کی تعمیر بھی کر رہے ہیں،لیہ تونسہ پل کے ساتھ رابطہ سڑکوں کی تعمیر بھی جاری ہے۔وفاقی وزیر مواصلات نے سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کے ہمراہ ملتان کا دورہ کیا۔



