قومی

مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت ایران کبھی فراموش نہیں کرے گا، فدا حسین مالکی کی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پیر کو ایران-پاک پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ فدا حسین مالکی نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعلقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے رابطوں کا فروغ ضروری ہے، ایران-پاک پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں کے فروغ کا اہم ادا کر رہا ہے، پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے، ایران پر حملے کی مذمت کرنے والی پاکستان کی پارلیمان دنیا کی پہلی پارلیمان ہے، پاکستان کی پارلیمان نے ایران پر حملے کی مذمت کے لیے متفقہ قرارداد منظور کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، دہشت گردی پاکستان اور ایران دونوں کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، گوادر بندرگاہ ایران سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے تجارت کے فروغ کے نئے مواقع فراہم کر سکتی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، پاکستان نے سعودی عرب، ایران اور ترکیہ سمیت علاقائی ممالک کو مشترکہ مکالمے اور تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم پر لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین مثالی اور مضبوط تعلقات تاریخ کے اہم دور سے گزر ہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت ہے، پاکستان نے ہمیشہ ایران اور فلسطین کے عوام کی حمایت کی ہے۔فدا حسین مالکی نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت کو ایران کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی امن کے قیام اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد مذاکرات اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تجارتی حجم اور پارلیمانی روابط کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button