اسلام آباد میں جمہوریہ آذربائیجان کا وکٹری ڈے منایا گیا، وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ کی آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بدھ کوجمہوریہ آذربائیجان کا وکٹری ڈے منایا گیا، وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کا اہتمام پاکستان میں آذربائیجان کے سفارت خانے نے کیا تھا۔ وکٹری ڈے کی تقریب میں اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، اراکین پارلیمنٹ، اسلام آباد میں مقیم غیر ملکی سفارت کاروں، مختلف تجارتی اداروں کے نمائندوں، سول اور فوجی حکام، صحافیوں اور پاکستان میں مقیم آذربائیجان کے شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ ہر سال 8 نومبر آذربائیجان کے وکٹری ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار دوطرفہ تعلقات پر زور دیا۔ سفیر نے کہا کہ جمہوریہ آذربائیجان رواں ماہ کے دوران باکو میں کاپ 29 کی میزبانی کرے گا ، اس میں ریاستوں اور حکومتوں کے سربراہان کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو وکٹری ڈے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان برادر ملک ہیں اور دونوں ممالک مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید بڑھیں گے۔ اس سے قبل تقریب کا آغاز آذربائیجان اور پاکستان کے قومی ترانوں کی دھنوں سے ہوا۔ تقریب کے دوران آذربائیجان کے وکٹری ڈے کی مناسبت سے سفیر نے مہمانوں کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔