ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک ایم چھ کی تعمیرکیلئے مالی معاونت پر غور کرے،وفاقی وزیر احد خان چیمہ کی بینک کے نائب صدر سے ملاقات میں گفتگو
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے ملک میں بنیادی ڈھانچہ کی ترقی میں ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی معاونت کو اہمیت کاحامل قرار دیتے ہوئے کراچی-پشاور موٹر وے کے سکھر-حیدرآباد سیکشن (ایم چھ) کی تعمیرکیلئے بینک کی مالی معاونت پر غور کرنے کی تجویز دی ہے جس سے کراچی سے پشاور تک موٹر وے نیٹ ورک مکمل ہوگا۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے نائب صدر کانسٹنٹین لیمیتووسکی سے ملاقات میں کہی۔ملاقات میں پاکستان میں بینک کے جار وپائپ لائن و پورٹ فولیو اور پاکستان میں نئے مالیاتی منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔اس موقع پر اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے بینک کی جانب سے مسلسل تعاون بالخصوص 2022 کے سیلاب کے دوران معاونت پر بینک کے نائب صدر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں بینک کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کا حجم بڑھنے پر بینک کو پاکستان میں اعلیٰ سطح پر موجودگی کو بڑھانا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے بینک کے پروجیکٹ پریپریشن سپیشل فنڈ کے تحت این فائیو پراجیکٹ کی توسیع اور بہتری کے کاموں کے لیے فراہم کی گئی مالی معاونت و پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت علاقائی رابطوں میں اضافہ اور اقتصادی ترقی کیلئے ترجیحی اقدامات کررہی ہے۔ سیکرٹری اقتصادی امور نے اس موقع پرپاکستان میں بینک کے پورٹ فولیو کو بڑھانے کی درخواست کی اور این فائیو جیکٹ کی سٹریٹیجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے حکومت کی اعلیٰ ترجیحات میں سے ایک قرار دیا۔بینک کے نائب صدر نے اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے منصوبہ جات کے جائزہ عمل پر اعتماد کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ تمام زیر التوا مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے این فائیو پراجیکٹ کو بینک کی ترجیحات میں شامل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کے ساتھ بینک کے پورٹ فولیو کو آگے بڑھانے میں بھرپور تعاون پر پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان میں توانائی کی ترسیل کے شعبے میں مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔