بین الاقوامی برادری خطے میں کشیدگی کم کرنے کےلیے اقدامات کرے، جی سی سی
رابطہ عالم اسلامی اور خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) نے ایران کے فوجی اہداف پر کیے جانے والے اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری خطے میں کشیدگی کم کرنے کےلیے اقدامات کرے۔ایس پی اے کے مطابق رابطہ کے سیکرٹریٹ جنرل کے جاری بیان میں اس حملے سے پیدا ہونے والے خطرے اور کشیدگی میں اضافے کے سنگین نتائج سے خبردار کیا گیا۔بیان میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے تنازعات اور ان کے اثرات سے نمنٹے کےلیے کام کرے۔
ان کے بنیادی اسباب کو حل کیا جائے۔ جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایران کی خود مختاری کی خلاف ورزی، بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے جی سی سی کی جانب سے فوجی کارروائیوں کو مسترد کیا اور تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ خطے مں جاری فوجی تنازعات کے نتائج سے بچنے کےلیے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے بین الاقوامی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے کےلیے کام کرے۔