وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات ، سنٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن پروگرام، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے گفتگو
وزیر مملکت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے مابین تعاون کو مزید مستحکم کرنے، سنٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن پروگرام ،آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
جمعرات کووزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان اور سپیشل سیکرٹری آئی ٹی و ٹیلی کام ڈویژن اظفر منظور بھی موجود تھے۔وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت موجودہ حکومت آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، حکومت پرائیویٹ سیکٹر کو مکمل سپورٹ فراہم کر رہی ہے، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لئے آئی ٹی انڈسٹری کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں، پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن عمل جاری ہے، اکانومی، گورننس اور سوسائٹی کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن پروسس میں اہم کردار ہے۔