ٹیکسپو 2024 ، ٹیکسٹائل اور لیدر کے شعبے کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا، جام کمال
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ٹیکسپو 2024 نمائش ، ٹیکسٹائل اور لیدر کے شعبے کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی، ٹی ڈی اے پی نمائش کے حوالے سے انتظامات کو مکمل کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ نمائش میں ٹیکسٹائل اور چمڑے کے شعبوں سے وابستہ افراد اپنی مصنوعات کو پیش کریں گے ۔
وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق بین الاقوامی نمائش کا انعقاد کل 23 تا 25 اکتوبر ایکسپو سینٹر کراچی میں ہوگا جس میں 500 سے زائد غیر ملکی مندوبین ، 270 سے زائد نمائش کنندگان اور 8 ہزار سے زائد کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ افراد شرکت کریں گے۔ نمائش میں ٹیکسٹائل اور چمڑے کے شعبوں سے وابستہ افراد اپنی مصنوعات کو پیش کریں گے ۔
اس ایونٹ میں ایک فیشن شو کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان کے 25پلس ٹاپ فیشن ڈیزائنرز شامل ہوں گے۔ نمائش میں صنعت کے پیشہ ور افراد، درآمد کنندگان، خریدار، اور دنیا بھر سے کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ افراد،فیشن کے شائقین، طلباء اور عام لوگ جو ٹیکسٹائل اور چمڑے کے تازہ ترین رجحانات میں دلچسپی رکھتے ہیں شرکت کریں گے ۔