ایف بی آر نے لاہور چیمبر کے مطالبے پر حلف نامہ کی شرط موخر کر دی
تاجر برادری نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے کاروباری برادری کا مقدمہ مضبوطی سے پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے جس کے نتیجے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے چیف فنانشل آفیسرز پر عائد کی جانے والی حلف نامہ کی متنازعہ شرط موخر کر دی گئی جس کے تحت کہا گیا تھا کہ سی ایف او اپنی پوری سپلائی چین کی یہ ضمانت دیں کہ وہ قواعد و ضوابط پر عمل پیرا ہیں۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد نے اس شرط کو موخر کرانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے پاکستان کے کاروباری ماحول پر بہترین اثرات مرتب ہونگے۔
ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر میاں انجم نثار، لاہور چیمبر کے سابق صدر محمد علی میاں اور سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغرخان نے لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد کو سراہا جو کاروبار مخالف شرائط کی واپسی کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے صدر نے کاروباری برادری کے جذبات کی ترجمانی کی ہے جس سے سی ایف اوز پر ایک بڑی ذمہ داری ختم ہوگی۔ خواجہ شاہ زیب اکرم، طاہر منظور چوہدری، بابر محمود، یوسف شاہ، عمران اصغرخان اور دیگر تجارتی رہنماو ں نے بھی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی انتھک کوششوں کا خیرمقدم کیا۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے تاجر برادری کے پیغامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسی جوش و خروش کے ساتھ تاجر برادری کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔