کاروباری

پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے نہ صرف ملک میں تجارت و کاروبار کو فروغ ملے گا بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاری میں اضافے کا رجحان پیدا ہوگا، صدر پاک چائنا جوائنٹ چیمبر

صدر پاک چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری و سابق ایڈیشنل فارن سیکرٹری نذیر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کاانعقاد بہت بڑی کامیابی ہے، یہ کامیابی وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ڈپٹی وزیراعظم سینیٹر اسحق ڈار کی انتھک محنت اور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

گزشتہ روز اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کامجوزہ اجلاس حکومت کی کارکردگی اور بہتر سفارت کاری کا نتیجہ ہے، اقوام عالم پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اس کانفرنس کے انعقاد سے نہ صرف ملک میں تجارت و کاروبار کو فروغ ملے گا بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاری میں اضافے کا رجحان پیدا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کانفرنس سے ملک کی بہتری اور خوشحالی کے لیے بھی راہیں ہموار ہوں گی۔پاکستان میں ہونے والا ایس سی او سربراہی اجلاس ایک اہم موقع ہے جو علاقائی تعاون کو فروغ دینے اور عالمی مسائل کے حل کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

اجلاس کی میزبانی سے پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ کو مضبوط کرنے کا موقع ملے گا اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اہداف میں اہم کردار پاکستان کے حصے میں آئے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پاکستان علاقائی سطح پر انفراسٹرکچر اور معاشی روابط کو مضبوط کرنے پر توجہ دے گا، خاص طور پر ایسے منصوبوں کے ذریعے جیسے چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، امن و امان کو فروغ دینے اور دہشت گردی، انتہا پسندی، اور علیحدگی پسندی جیسے سکیورٹی چیلنجز کا حل تلاش کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا جائے گا، تاکہ ایک مستحکم اور پرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔

تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ رکن ممالک کے درمیان معاشی ترقی کی رفتار بڑھانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے بین الاقوامی سفارتکاری کی تاریخ میں یہ ایک نہایت اہم موقع ہے۔

میزبان ملک کے طور پر پاکستان علاقائی تعاون کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک اہم کردار ادا کرے گا۔ اجلاس میں آٹھ رکن ممالک اور کئی مبصر ممالک کے رہنما شامل ہوں گے، یوریشیا بھر میں امن، سلامتی، اور اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس پاکستان کے مستقبل کے اقتصادی اور سیاسی منصوبوں کے حوالے سے اہم نتائج کا حامل ہو سکتا ہے،جس سے پاکستان کی عالمی اہمیت میں اضافہ ہو گا اور خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button